ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کے باوجود سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں کا مقصد قومی ٹیم کے کمبی نیشن کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ اور کپتان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک قیادت اور کمبی نیشن میں کسی بڑی تبدیلی کے حق میں نہیں ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں بھی سلمان علی آغا ہی ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔
مزید برآں، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان اہم اجلاس آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جس میں ٹیم کے مستقبل کے پلانز پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔سنیئر اسپورٹس تجزیہ کار عبدالماجد بھٹی نے اس سلسلے میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کی مشترکہ سوچ یہی ہے کہ اس وقت ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی جگہ نہیں بنتی۔