کراچی میں بارش کے چند گھنٹوں میں اربن فلڈنگ، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب، شہریوں کو شدید مشکلات

کراچی میں بارش کے چند گھنٹوں میں اربن فلڈنگ، سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب، شہریوں کو شدید مشکلات

کراچی: چند گھنٹوں کی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں شدید اربن فلڈنگ نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے۔

 سٹی کورٹ کے اطراف، علامہ اقبال لائبریری اور اسلامیہ کالج کے اردگرد پانی جمع ہونے سے وکلا اور سائلین شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔نارتھ کراچی سیکٹر 11-بی میں نالے ابل پڑے جبکہ یوپی موڑ سے پاور ہاؤس چورنگی تک سڑک پر پانی کھڑا ہو گیا۔ لیاقت آباد چونا ڈیپو کے قریب سڑک مکمل طور پر ڈوب گئی، جس کی وجہ سے ٹریفک معطل رہی اور پولیس نے ٹریفک کو دوسرے ٹریک پر دوطرفہ چلانا شروع کیا۔ضلع وسطی سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں معمولی بارش کے باوجود سڑکیں زیرِ آب ہو گئیں۔ کے ڈی اے چورنگی پر پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لمبی ہو گئیں، جبکہ سکشن پمپ موجود تھے لیکن عملہ غیر حاضر رہا۔ نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد کی اہم شاہراہیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔

گولیمار چورنگی اور سینیٹری مارکیٹ میں بھی پانی جمع ہوا، کے ایم سی بلڈنگ اور اولڈ سٹی ایریا کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ شہریوں نے مشکل سے آمدورفت کی، گھروں میں پانی داخل ہونے اور بنیادی سہولیات متاثر ہونے کی شکایات کیں۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کی شکایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بروقت اقدامات کرنے میں ناکام رہے۔