پنجاب میں 1 لاکھ 1400 سے زائد چالان کئے گئے :ترجمان ٹریفک پولیس
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب پروگرام کے تحت ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی قیادت میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف 90 روزہ مہم جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ پنجاب میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف مجموعی طور پر 1 لاکھ 1400 سے زائد چالان کیے گئے۔ لاہور ٹریفک پولیس نے 25 ہزار 700 سے زائد شہریوں کو جرمانے عائد کیے، جبکہ فیصل آباد میں 11 ہزار، راولپنڈی میں 9 ہزار، گجرانوالہ میں 7 ہزار اور بہاول نگر میں 4 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے کیے گئے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں، اس لیے کارروائیوں کا مقصد حادثات میں کمی لانا اور مہلک حادثات کی روک تھام ہے۔ ٹریفک پولیس ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہری محفوظ سفر کرسکیں اور قوانین کی خلاف ورزی نہ ہو۔