ملاوٹی دودھ ، ناقص گوشت تلف

 ڈیری شاپس، سپلائر ،میٹ گودام ،دودھ وگوشت بردار گاڑیوں کو چیک کیاگیا،سیمپل فیل ہونے پر واٹر پلانٹ بند 
لاہور (خصوصی رپورٹ)فوڈ اتھارٹی نے لاہور بھر میں کریک ڈا ئون کیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر یتیم خانہ، شامی روڈ، جیل روڈ پر آپریشن کیا گیا۔ 734 ڈیری شاپس، سپلائر اور 193 میٹ گودام اور دودھ و گوشت بردار گاڑیوں کو چیک کیا گیا، مجموعی طور پر 7لاکھ 51 ہزار کے جرمانے کیے گئے۔2معروف بیکری کیکس یونٹس کو 1لاکھ 25 ہزار کے جرمانے کئے گئے جبکہ علی الصبح ناکہ بندیوں پر910 لٹر ملاوٹی دودھ اور 930 کلو ناقص گوشت تلف کرکے3 مقدمات درج کرادیئے۔ ہدایات پر عملدر آمد نہ ہونے پر کارروائیاں کی گئیں، ایکسپائر اور فریش سٹاک کیلئیعلیحدہ جگہ مختص نہ تھی، پروسیسنگ ایریا میں ناقص صفائی انتظامات پائے گئے، ورکرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سمیت دیگر لازم ریکارڈ موجود نہ تھا، سٹوریج ایریا میں بدبودار ماحول اور اشیا کھلی پائی گئیں، گندے فریزر زمیں گوشت اور ڈیری اشیا موجود پائی گئیں، پانی کا سیمپل فیل ہونے پر 1واٹر پلانٹ بھی اصلاح تک بند کر دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا ہے کہ ملاوٹ مافیا کے خاتمے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، فوڈ بزنس آپریٹرز قوانین پر عملدر آمد یقینی بنائیں، خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں ہوگی، شہری خوراک سے متعلق شکایات 1223 پر درج کرا سکتے ہیں۔