107 من ملاوٹی دودھ تلف

 1800 لٹر کولڈ ڈرنکس مضر صحت نکلے ،ڈیری یونٹس پر چھاپے ،7یونٹ بند ، 51لاکھ 13ہزار کے جرمانے عائد
لاہور ( کرائم رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کر کے 4280لٹرملاوٹی دودھ، 1800لٹر کولڈ ڈرنکس، 412کلوممنوعہ ایکسپائر اشیا، 337لٹر ناقص آئل تلف کر دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علی الصبح ناکہ بندی کر کے دودھ گوشت کی چیکنگ، ڈیری یونٹس پر چھاپے مارے۔ 3ہزار 350سے زائد فوڈ پوائنٹس یونٹس کی چیکنگ کے دوران 7یونٹ بند کر دیئے ، 51لاکھ 13ہزار سے زائد کے جرمانے عائد اور 1مقدمہ درج کرایا جبکہ 4280لیٹر ملاوٹی دودھ، 1800لٹر کولڈ ڈرنکس، 412کلوممنوعہ ایکسپائر اشیا، 337 لٹر ناقص آئل تلف کر دیئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ تلف کردہ ملاوٹی اشیا فروخت کے لیے دکانوں پر رکھی پائی گئیں،ماہِ مبارک میں عوام تک معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے پنجاب بھر میں فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ بارہا اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ جعلسازی کا مکروہ دھندہ جعلی اشیا تیار کرنے پر یونٹس کی پروڈکشن بند کی گئی۔ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت لازم ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا۔