ایک لاکھ سے زائد پھپھوند ی زدہ انڈے بر آمد،ملزم گرفتار،مقدمہ درج
لاہور(خصوصی رپورٹ )پنجاب فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کھڈیاں میں واقع ملک یونٹ پر چھاپہ مار کر 2500لٹر ملاوٹی دودھ تلف کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا۔ترجمان کے مطابق375کلو پا ئوڈر، سپلائر گاڑی، ویجیٹبل گھی اور مکسر مشین ضبط کر لی گئی،جعلی دودھ پا ئوڈر، پانی، ویجیٹیبل آئل اور کیمیکلز سے تیار کیا جا رہا تھا۔ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید نے کہا ہے کہ جعلی دودھ میں استعمال ہونے والے اجزا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتے ہیں، جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا اورخفیہ اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر ایک لاکھ 15 ہزار خراب انڈے بر آمد کر لیے۔حکام نے گودام نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا اور پھپھوند ی لگے انڈوں اور 200 کلو گرام مکسچر کو تلف کر دیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان پھپھوندی زدہ انڈوں کا مکسچر بنا کر بازار میں فروخت کیا جاتا تھا جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔