بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ آج سپریم کورٹ میں 9 مئی کیسز کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے کیسز مقرر کیے جائیں تاکہ جلد سماعت ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح پیغام دیا ہے کہ حقیقی آزادی تک تحریک جاری رہے گی، اور انہوں نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت
دوسری جانب انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اور ملزمان کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے چار ملزمان کو چار، چار ماہ قید کی سزا سنادی۔
ملزمان کے اقبالی بیانات
سماعت کے دوران ملزمان نے عدالت میں اقبالی بیانات جمع کروائے اور بتایا کہ وہ اپنی لیڈرشپ کے اکسانے پر پُرتشدد احتجاج میں شریک ہوئے تھے۔ملزمان نے عدالت کو بتایا کہ وہ غریب مزدور ہیں اور عدالت سے سزاؤں میں نرمی کی اپیل کی۔