9 مئی مقدمات کے تناظر میں پی ٹی آئی کا ضمنی انتخابات سے بائیکاٹ، رہنماؤں کو کاغذات واپس لینے کی ہدایت

9 مئی مقدمات کے تناظر میں پی ٹی آئی کا ضمنی انتخابات سے بائیکاٹ، رہنماؤں کو کاغذات واپس لینے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے مقدمات میں رہنماؤں کو سزاؤں کے بعد اہم سیاسی فیصلہ کرتے ہوئے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی نے اپنے تمام رہنماؤں کو کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے واضح طور پر فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی ضمنی انتخاب میں شرکت نہیں کی جائے گی، تاہم صرف ایک حلقے، این اے-129 لاہور میں انتخاب لڑنے پر غور جاری ہے، کیونکہ یہ نشست پارٹی کے سینئر رہنما میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔

ان حلقوں پر پی ٹی آئی امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ عبوری فہرست کے مطابق این اے-129 لاہور میں 27 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ ان میں پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر، اویس انجم، اور میاں جمیل شامل ہیں۔اسی طرح مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا مشہود اور حافظ میاں محمد نعمان، جب کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے معروف شاعر حبیب جالب کی بیٹی طاہرہ جالب اور آصف ناگرہ نے بھی کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

دیگر حلقوں میں بھی بائیکاٹ
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی-87 اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے-66 سمیت دیگر نشستوں پر بھی کاغذات جمع کروائے تھے، لیکن اب ان تمام حلقوں میں بھی انتخابی عمل سے دستبرداری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

جانچ پڑتال اور انتخابی شیڈول
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 8 اگست سے شروع ہوگی، جبکہ ضمنی انتخاب 18 ستمبر 2025 کو این اے-129 لاہور میں کرایا جائے گا۔یہ نشست سابق وفاقی وزیر میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جنہیں لاہور کی سیاست میں مرکزی حیثیت حاصل رہی۔