پاکستان مسلم لیگ (ق) کا گلگت بلتستان انتخابات میں بھرپور شرکت کا فیصلہ، انتخابی حکمت عملی پر مشاورت جاری ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ گلگت بلتستان انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں مرکزی جنرل سیکرٹری طارق حسن، صوبائی وزیر چودھری شافع حسین، چیف آرگنائزر ڈاکٹر امجد اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔اجلاس میں انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ گلگت بلتستان سے پارٹی قیادت نے تیاریوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے ہدایت کی کہ انتخابات کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے اور ہم خیال جماعتوں و کارکنان سے رابطے مزید تیز کیے جائیں تاکہ انتخابی مہم کو مؤثر بنایا جا سکے۔