پاکستان میں کھیلوں کے میدان میں ایک اور متنازعہ مثال سامنے آگئی ہے جہاں باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کو اقرباء پروری کی نئی علامت بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ میں آج سے شروع ہونے والی ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم کے ساتھ فیڈریشن سیکرٹری سہیل انور اپنی پوری فیملی سمیت آفیشلز کی حیثیت سے شامل ہوگئے۔ سہیل انور کو کوچ بنایا گیا، ان کی اہلیہ ماریا سہیل ریفری اور بیٹی مریم سہیل ٹرینی جج کے طور پر ٹیم کے ساتھ بھیجی گئیں۔پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ٹیم کی روانگی کے لیے این او سی بھی جاری کیا، جس پر کھیلوں کے حلقوں نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ قومی سطح کے ایونٹ میں فیڈریشن سیکرٹری کا اپنے خاندان کو اہم ذمہ داریاں دلوانا شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے نو باڈی بلڈرز مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔ تاہم آفیشلز کی تقرری میں فیملی انوالو ہونے پر ٹیم کی کارکردگی اور فیڈریشن کی ساکھ پر سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا ہے۔