ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان نے دفاعی چیمپئن ایران کو شکست دے کر پانچویں کامیابی سمیٹ لی

ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان نے دفاعی چیمپئن ایران کو شکست دے کر پانچویں کامیابی سمیٹ لی

تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن ایران کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-1 سے شکست دے دی۔

یہ پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح ہے، جس کے ساتھ ہی پاکستان نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے۔کراس اوور راؤنڈ کے گروپ ایف کے میچ میں پاکستان نے ایران کو 25-23، 25-19، 22-25 اور 31-29 سے شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دو گھنٹے سے زائد جاری رہا اور شائقین کو دلچسپ لمحات دیکھنے کو ملے۔پاکستان کی جانب سے فیضان اللّٰہ، محمد عرفان، محمد جنید اور ساران بیگ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فیضان اللّٰہ نے 21 اٹیک پوائنٹس سمیت مجموعی طور پر 23 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ عرفان نے 16 پوائنٹس اسکور کیے۔

شماریاتی اعتبار سے پاکستان نے ایران پر اٹیک پوائنٹس میں 51-44 اور بلاک پوائنٹس میں 15-11 سے سبقت حاصل کی، تاہم سروس پوائنٹس میں ایران کا پلڑا بھاری رہا۔کراس اوور راؤنڈ کے دونوں میچز جیت کر پاکستان گروپ ایف میں سرفہرست رہا۔ پاکستان نے کوریا کے خلاف پہلے راؤنڈ میں حاصل کردہ فتح کے پوائنٹس بھی کیری فارورڈ کیے تھے۔پاکستان اب ایونٹ کے ٹاپ فور میں پہنچ چکا ہے اور سیمی فائنل میں اس کا سامنا بھارت یا جاپان سے متوقع ہے۔