پاکستان کی انڈر 18 والی بال ٹیم نے اے وی سی ایشین بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ 2026ء میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے آخری گروپ میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دے دی۔
چین کے شہر ہائیکو میں جاری ایونٹ کے گروپ سی کے آخری میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ 0-3 سے اپنے نام کیا۔ پاکستان نے تینوں سیٹس میں تھائی لینڈ کو 19-25، 19-25 اور 23-25 سے شکست دی۔قومی ٹیم نے گروپ مرحلے میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی اور پورے گروپ مرحلے کے دوران ایک بھی سیٹ گنوائے بغیر اپنی برتری ثابت کی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔پاکستان اس سے قبل اپنے ابتدائی میچز میں بھی بہترین کارکردگی دکھا چکا ہے۔ قومی ٹیم نے پہلے مقابلے میں کرغیزستان کو 0-3 سے شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں قازقستان کو بھی اسی اسکور سے ہرا کر اپنی پوزیشن مضبوط کی۔پاکستان نے کرغیزستان کے خلاف سیٹس 10-25، 19-25 اور 17-25 سے جیتے، جبکہ قازقستان کے خلاف قومی کھلاڑیوں نے 14-25، 12-25 اور 9-25 سے کامیابی حاصل کی۔
تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کی جانب سے فہد علی، محمد انس اور کپتان محمد عرفان نے نمایاں کھیل پیش کیا۔ تیسرے سیٹ میں تھائی لینڈ نے سخت مزاحمت کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے دباؤ کا بہترین انداز میں مقابلہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔گروپ مرحلے میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان اب 16 جولائی کو کوارٹر فائنل میں میدان میں اترے گا، جہاں اس کا مقابلہ پول اے کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا۔ پول اے کی رنر اپ ٹیم کا فیصلہ میزبان چین اور چائنیز تائپے کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد ہوگا۔پاکستانی ٹیم کی مسلسل فتوحات نے ایونٹ میں اس کے ٹائٹل کے امکانات کو مزید روشن کردیا ہے اور شائقین قومی ٹیم سے مزید کامیابیوں کی امید کر رہے ہیں۔