خاتون ایمن جویریہ نے اپنی نند عزہ بی بی کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی
اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے لڑکی کے اغواء سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے پر درخواست گزار خاتون پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے درخواست بھی خارج کردی۔ایمن جویریہ نامی خاتون نے اپنی نند عزہ بی بی کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی۔پیر کوجسٹس محمد اعظم خان نے خاتون شہری ایمن جویریہ کی درخواست پر سماعت کی۔ وفاقی پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔وفاقی پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی اور لاپتا لڑکی عزہ بی بی کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔عزہ بی بی نامی لڑکی نے عدالت میں بیان دیا کہ میں والدین کے پاس چنیوٹ گئی تھی اور ان کے ساتھ ہی رہنا چاہتی ہوں۔ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے بتایا کہ ایک ہی مقدمے میں درخواست گزار نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ عدالت نے درخواستگزار کو جرمانہ کے ساتھ بازیابی درخواست خارج کر دی۔