گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت اور کشمیر میں سیلاب کا خطرہ ہے : چیئرمین این ڈی ایم اے

 پاکستان  کاربن کا اخراج نہیں کرتا، اسی وجہ سے گلیشیئرز پگھل اور کلاؤڈ برسٹ ہو رہے ہیں:مصدق ملک
صورتحال سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں: عطاء تارڑ کی مشترکہ پریس  کانفرنس
اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے  ملک اس وقت مون سون کے ساتویں سپیل سے گزر رہا ہے، مزید دو سپیل آئیں گے، گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت اور کشمیر کو خطرہ ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی متاثر ہوگا۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیراطلاعات عطاء  اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر  نے کہا اسلام آباد اور راولپنڈی بھی متاثر ہوگا، خیبرپختونخوا میں کلاؤڈبرسٹ نے مون سون کو سیریس کر دیا ہے، فاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کلاؤڈ برسٹ کی صورتحال پیدا ہوئی ہے، پاکستان ایک فیصد بھی کاربن اخراج نہیں کرتا، کاربن اخراج کی وجہ سے گلیشیئرز پگھل رہے ہیں، اسی وجہ سے کلاؤڈ برسٹ ہو رہے ہیں، 7 سے 8 ملک ماحول کو تباہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے‘ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا صورتحال سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ امدادی سامان اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں، پاک فوج سمیت تمام فلاحی ادارے متاثرین کی مدد کیلئے سرگرم ہیں۔