ہنزہ : گلیشیئرز پگھلنے سے شاہراہ قراقرم کا بڑا حصہ بہہ گیا، پاک چین رابطہ منقطع

وادی ہنزہ کے مختلف ندی نالوں اور دریائوں میں شدید طغیانی  کے باعث  دریائوں کے اطراف میں  آبادیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا
لاہور‘اسلام آباد‘راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں بارش‘ملک کے مختلف حصوں میں  آئندہ24گھنٹوں میں  تیز بارش کا امکان ہے:محکمہ موسمیات

گلگت(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)بالائی ہنزہ میں دریا کے کٹاؤ سے شاہراہِ قراقرم کا بڑا حصہ دریا برد ہونے سے پاکستان اور چین کے درمیان زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔گلگت بلتستان میں گرمی کی شدت کے باعث گلیشیائی پگھلاؤ کا عمل تیز ہونے سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہونے لگا ہے جبکہ مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ہراہ قراقرم پر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور مقامی افراد کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔وادی ہنزہ کے مختلف ندی نالوں اور دریائوں میں شدید طغیانی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے دریاں کے اطراف میں آباد آبادیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے‘ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت بلتستان کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، ہنزہ کا علاقہ مورخون میں دریائی کٹاؤ سے شاہراہ قرارقرم کا ایک حصہ بہنے سے شاہراہ بند ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شاہراہ کی بحالی کی ہدایت کر دی ہے‘دریں اثناء 
 اسلام آباد (آئی این پی ) ملک کے مختلف حصوں میں آ ئندہ 24گھنٹوں میں بار ش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق    اسلام آباد ، بالائی پنجاب،خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز بارش کا امکان  ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش یا بونداباندی کا امکان ہے۔گذشتہ روز لاہور کے کچھ حصوں‘اسلام آباد‘راولپنڈی سمیت مختلف شہرو ں میں بارش ہوئی