نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے افغان عبوری وزیرِ اعظم ملا محمد حسن اخوند سے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی، تجارت اور ٹرانزٹ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان عوامی تعلقات اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔ ملاقات میں برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اعلیٰ سطح پر تبادلوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس سے قبل افغان وزارتِ خارجہ میں پاک افغان مذاکرات بھی ہوئے، جن میں سیکیورٹی، تجارت، رابطوں اور عوامی تعلقات سمیت تمام اہم امور پر بات کی گئی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک افغانستان کی ترقی اور خوش حالی کا خواہاں ہے۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور مستقبل میں مزید تعاون کے امکانات پر بات کی۔