نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر چین کے شہر شنگھائی پہنچ گئے، جہاں وہ عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے فروغ سے متعلق اہم تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق محمد اسحاق ڈار 16 اور 17 جولائی کے دوران ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پاکستان اس تنظیم کے بانی رکن کی حیثیت سے معاہدے پر دستخط کرے گا، جو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔دورے کے دوران نائب وزیراعظم 17 جولائی کو منعقد ہونے والی 2026 ورلڈ اے آئی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جہاں دنیا بھر سے حکومتی نمائندے، ٹیکنالوجی ماہرین، صنعت کار اور پالیسی ساز مصنوعی ذہانت سے متعلق مستقبل کی حکمت عملی، ضابطہ سازی اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اپنے دورہ چین کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر مشترکہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی جائے گی۔محمد اسحاق ڈار کی شنگھائی آمد پر شنگھائی کے نائب میئر، چین میں پاکستان کے ناظم الامور اعجاز خان اور شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل شہزاد احمد خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عالمی تعاون کو وسعت دینے کی کوششیں کر رہا ہے، جبکہ چین اس میدان میں دنیا کے نمایاں ممالک میں شمار ہوتا ہے۔