نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے جشنِ آزادی کے موقع پر "پاکستان زندہ باد" کا نعرہ بلند کرتے ہوئے پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہمیں اپنے اُن آبا و اجداد کو خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے جن کی قربانیوں سے پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ہم "لا الہٰ الا اللّٰہ، محمد رسول اللّٰہ" کے پرچم تلے متحد ہیں، کوئی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔ آزادی کے تحفظ کے لیے سرحدوں کا دفاع، سچائی، انصاف اور وقار کے اصولوں کو اپنانا ضروری ہے۔اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اسے ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہے، جو شراکت داری اور مکالمے کے ذریعے تنازعات کے حل میں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متحد رہیں، جمہوری اقدار کی حفاظت کریں اور ایک مضبوط، باوقار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
نائب وزیرِ اعظم نے مسلح افواج اور عوام کے اُس عزم کو سراہا جس کے تحت انہوں نے مل کر ملکی خودمختاری کا دفاع کیا۔ ان کے مطابق یہ اجتماعی ثابت قدمی پاکستان کی عسکری تیاری اور مؤثر خارجہ پالیسی کا مظہر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان باہمی احترام، علاقائی سکون اور امن پر مبنی سفارتکاری پر قائم ہے اور آج کے دن ہم یہ وعدہ دہراتے ہیں کہ پاکستان کے عالمی وقار کو مزید بلند کریں گے، اپنے اسٹریٹجک اور معاشی مفادات کو آگے بڑھائیں گے اور پُرامن ہمسائیگی کو فروغ دیں گے۔