ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں زیرو پولیو کیس کا ہدف مقرر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے مسنگ چلڈرن کا تناسب بھی زیرو کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے بغیر نہ رہ جائے۔
ضلعی انتظامیہ کیلئے احکامات:
ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز کو یونین کونسل وائز انسداد پولیو مہم کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کی ہدایت۔پولیو ویکسی نیشن کے مائیکروپلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کا حکم۔انسداد پولیو ٹیموں کو میدان میں مکمل سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی تاکید۔
وزیراعلیٰ کا مؤقف:
مریم نواز نے کہا:"کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہر بچے کو محفوظ بنایا جائے۔ مشترکہ کوششوں سے زیرو پولیو کا ہدف باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ کسی بھی بچے کا پولیو رسک پر ہونا ناقابل برداشت ہے۔"اجلاس کے دوران صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے وزیراعلیٰ کو پولیو مہم پر تفصیلی بریفنگ دی اور موجودہ صورتحال، چیلنجز اور اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ کی جانب سے پولیو مہم کو انتہائی سنجیدگی سے لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ صرف محکمانہ فریضہ نہیں بلکہ نسلوں کی صحت کا معاملہ ہے۔