اقوام متحدہ امن مشنز کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، محسن نقوی

اقوام متحدہ امن مشنز کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، محسن نقوی

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن مشنز جنرل جین پیر لاکروا نے پاکستان کے دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا اور مستقبل میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات وزارت داخلہ میں ہوئی جہاں محسن نقوی نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا، اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ایڈوائزر فیصل شاہکار بھی موجود تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کا نہ صرف بھرپور ساتھ دیا ہے بلکہ عالمی امن کی کوششوں میں عملی شراکت بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج اور پولیس کے افسران نے متعدد عالمی امن مشنز میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات مندی کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی برس بعد پاکستانی پولیس افسران یو این مشنز میں دوبارہ خدمات انجام دے رہے ہیں، جو باعثِ فخر ہے۔ محسن نقوی نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کی پولیس کی سربراہی اس وقت ایک پاکستانی پولیس افسر کے پاس ہے۔

وزیر داخلہ نے یو این کو پیشکش کی کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں امن مشنز کے لیے ریجنل کورسز کرائے جائیں، اور بتایا کہ ادارے کی مکمل تنظیم نو بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جا رہی ہے تاکہ افسران کی تربیت جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔انہوں نے کہا کہ خواتین افسران کو اقوام متحدہ کی جینڈر پالیسی کے تحت یکساں مواقع دیے جا رہے ہیں اور امن مشنز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔جنرل جین پیر لاکروا نے پاکستانی افسران کی یو این مشنز میں واپسی کو خوش آئند قرار دیا اور اس حوالے سے محسن نقوی کی ذاتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز دنیا بھر میں مشکل حالات میں بھی امن کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔