پاکستان نے اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار اہلکار بھیجے، 183 جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا: خواجہ آصف

پاکستان نے اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار اہلکار بھیجے، 183 جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار اہلکار بھیج کر عالمی امن و سلامتی کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ ان مشنز کے دوران 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یورپی پارلیمنٹ برسلز میں منعقدہ شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات اور قربانیاں اس کے ذمہ دارانہ اور فعال بین الاقوامی کردار کا واضح ثبوت ہیں۔ دنیا میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی، باہمی تعاون اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس ناگزیر ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھرپور شرکت کے ذریعے مختلف تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں امن کے قیام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اہم خدمات انجام دی ہیں۔ پاکستانی اہلکاروں کی قربانیاں عالمی امن کے لیے ملک کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ تنازعات کے شکار علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی سے انسانی سلامتی کے خطرات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق امن مشنز کو زمینی حقائق اور مقامی ضروریات کے مطابق تشکیل دینا، انہیں مناسب وسائل فراہم کرنا اور دیرپا سیاسی حل کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن مشنز سے متعلق پالیسی سازی اور اہم فیصلوں میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے، کیونکہ یہ ممالک زمینی سطح پر امن مشنز کے نفاذ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ امن کا تصور صرف جنگ کے خاتمے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ حقیقی اور دیرپا استحکام کے لیے انسانی تحفظ، معاشی بہتری اور سماجی ترقی کو بھی ترجیح دینا ہوگی۔ دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوریاں تنازعات میں اضافے اور عدم استحکام کی اہم وجوہات بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے شدید خطرات سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں قدرتی آفات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات انسانی زندگی، معیشت اور ترقیاتی عمل کو متاثر کر رہے ہیں۔ ایسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات اور ترقی پذیر ممالک کی معاونت ضروری ہے۔

وزیر دفاع نے دیرینہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا تعطل رسائی یقینی بنائی جائے اور عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی سے متعلق اپنے وعدوں کو عملی شکل دے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان ایک جامع، مؤثر اور مضبوط کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر انسانی وقار، انصاف، باہمی احترام اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔