پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے:اسحاق ڈار

پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے:اسحاق ڈار

نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں کردار ادا کرنے والا سرفہرست ملک ہے۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں شہید ہونے والے پاکستانی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک پاکستان کے 181 اہلکار اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مجموعی طور پر 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد اہلکار اقوامِ متحدہ کے مختلف امن مشنز میں بھیجے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان، بھارت، اور پاکستان میں تعینات اقوامِ متحدہ کے مبصر امن مشن کا میزبان ملک بھی ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

نائب وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا نے اسلام آباد میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ اجلاس منعقد کیا ہے، جس میں امن مشن کو جدید تقاضوں اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ہم آہنگ کرنے پر زور دیا گیا۔ ان کے مطابق یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ امن مشن کو موجودہ چیلنجز کے مطابق مضبوط اور موثر بنایا جائے۔اسحاق ڈار نے یقین دلایا کہ پاکستان آئندہ بھی عالمی امن کے فروغ کے لیے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔