عمرکوٹ ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی کامیابی مخالفین کیلئے سبق: ندیم افضل چن

 چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت اور پالیسیوں کو عوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے،مرکزی سیکرٹری اطلاعات 
 عمر کوٹ(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ عمرکوٹ کے ضمنی انتخاب میں پی پی پی کی کامیابی جیالوں کی جیت اور مخالفین کے لئے سبق ہے۔ اپنے ایک بیان میں ندیم افضل چن نے عمرکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی پی پی کی بھاری مارجن سے کامیابی کو جیالوں کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نتیجہ پارٹی کارکنوں کی محنت اور عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی پی کا کہنا تھا کہ عمرکوٹ کا یہ انتخاب ناصرف مخالفین کے لئے ایک سبق ہے بل کہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور پالیسیوں کو عوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ اس کامیابی سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی سندھ کے عوام کی حقیقی جماعت ہے،یہ جیت اس شعور کی عکاس ہے کہ عوام کا اعتماد آج بھی پیپلزپارٹی پر قائم ہے اور وہ جانتے ہیں کہ یہی جماعت ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔