راشن کارڈ سے کچن کے اخراجات کا کچھ مداوا ہو سکے گا، خصوصی افراد سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے پورٹل میں خود کو ضرور رجسٹر کروائیں
جن لوگوں کے پاس پلاٹ نہیں، انہیں 3 مرلہ کا پلاٹ مفت دیا جائے گا، خصوصی افراد کے اہلخانہ کا دکھ جانتی ہوں:تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے یکم مئی کو ساڑھے 12 لاکھ صنعتی محنت کشوں میں راشن کارڈ تقسیم کرنے کا اعلان کردیا۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا راشن کارڈ سے کچن کے اخراجات کا کچھ مداوا ہو سکے گا، خصوصی افراد سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے پورٹل میں خود کو ضرور رجسٹر کروائیں۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ میں خصوصی افراد کے اہل خانہ کا دکھ جانتی ہوں، ریاست ضرورت مندوں کا خیال کرتی اور کمزور افراد کی آواز سنتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ اور ان کے سیکریٹری کو شاباش دیتی ہوں، ان کی ٹیم نے میرا خواب پورا کر دکھایا۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت 2 ہزار بچیوں کی شادیاں انجام پائیں، ریاست خصوصی افراد کا ہاتھ تھام لے تو ان کی مشکل آسان ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ اب اقتدار کا رخ بدلا ہے، اب حکومت خود چل کر عوام کے دروازے تک پہنچ جاتی ہے، وزیراعلی کا کام آفس میں بیٹھنا نہیں، عوام میں رہ کر ان کی خدمت کرنا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی عوام کے دکھ درد میں شریک نہیں ہو گی تو کوئی دوسرا کیسے جائے گا، 30 لاکھ افراد کو دروازہ کھٹکھٹا کر ان کا حق پہنچایا گیا۔ان کا کہنا تھا جن لوگوں کے پاس پلاٹ نہیں، انہیں 3 مرلہ کا پلاٹ بالکل مفت دیا جائے گا، اپنا گھر اسکیم کے تحت 30 ہزار سے زائد گھر تعمیر کروائے جا چکے۔