بھارت کیخلاف کامیابی پر دنیا دنگ رہ گئی شہبازشریف
پاکستان کو دشمن کیخلاف جنگ جیتنے کی وجہ سے عزت ملی فیلڈ مارشل نے فرنٹ سے لیڈ کیا، ایئرفورس نے کمال کر دکھایا، پوری قوم نے متحد ہوکردشمن کیخلاف مقابلہ کیا:وزیراعظم کا وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب
انسانی سمگلنگ سنگین جرم، حکومت جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے‘ خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جو اس جرم میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے موثر اور بھرپور اقدامات کر رہی ہے:عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وفاقی کابینہ میں حج پالیسی 2026میں بڑا بریک تھروہواہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کا بینہ نے سرکاری کوٹہ 70فیصد اور پرائیویٹ 30فیصد کر دیا۔ 2026میں سرکاری حج ساڑھے گیارہ لاکھ سے ساڑھے بارہ لاکھ روپے تک ہو گا۔ ذرائع کے مطابق وزرات مذہبی امور نے حج 2026کیلئے سرکاری کوٹہ 40فیصد اور پرائیویٹ 60 فیصد کی سمری بھیجی تھی۔ وزیر اعظم نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے سرکاری کوٹہ 70فیصد اور پرائیوٹ 30فیصد کیا ہے۔ وزیراعظم کاموقف تھا کہ اس سال بہت سے حجاج حج سے رہ گئے تھے اس لیے سرکاری کوٹہ بڑھایا جائے۔ دریں اثناء کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات سے اربوں کا فائدہ ہوا۔پاکستان کو دشمن کیخلاف جنگ جیتنے کی وجہ سے عزت ملی، فیلڈ مارشل نے فرنٹ سے لیڈ کیا، ایئرفورس نے کمال کر دکھایا، بھارت کوجس طرح شکست ہوئی آج تک تذکرہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہوکردشمن کیخلاف مقابلہ کیا، بھارت کیخلاف کمال مہارت کے مظاہرے پردنیا دنگ رہ گئی ، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت سے بھارت کیخلاف تاریخی فتح ملی۔شہباز شریف نے کہا کہ لاہورریلوے سٹیشن پرانقلابی تبدیلی دیکھ کردلی خوشی ہوئی،وزیراعظم ریلوے ٹکٹنگ کا نظام مکمل طورپرڈیجیٹائزکردیا گیا ہے،وزیراعظم سب وزارتوں کواپنی کارکردگی مزید بہتربنانا ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں‘وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں ظلم وستم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،وزیراعظم غزہ میں بچوں کی حالت دیکھی نہیں جاتی، غزہ میں جاری مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، مصراوراردن کے ذریعے غزہ کیلئے فوری امداد بھجوائی جا رہی ہے، غزہ کے معاملے پر پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے نقصانات ہوئے جو کہ پہاڑی علاقوں میں زیادہ ہوئے اس کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں، اجلاس کے دوران انہوں نے قدرتی آفات میں مرنے والوں کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی‘علاوہ ازیں انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے انسانی سمگلنگ ایک سنگین منظم جرم ہے، حکومت اسے جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے‘ جرائم پیشہ گروہ دنیا بھر میں فکر معاش میں مبتلا افراد کو جھوٹے خواب دکھا کر انسانی سمگلنگ کا نشانہ بناتے ہیں جس سے وہ بدترین استحصال سے دوچار ہوتے ہیں۔شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ برسوں کے دوران تارکین وطن کی سمندر میں جانوں کے ضیاع جیسے افسوسناک واقعات نے انسانی سمگلنگ کی ہولناک حقیقت کو بے نقاب کیا، وفاقی حکومت نے اس سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جو اس جرم میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے موثر اور بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔