رواں سال 50 ہزار فیکٹری ورکرز کو راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے مریم نواز

حکومت ہر ورکر کی صحت، بہبود اور حفاظت کیلئے پرعزم ہے، کام کی جگہوں پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں  کیخلاف سخت کارروائی ہوگی
 مزدوروں کو کام کی جگہ پر خطرات سے بچانے کیلئے  حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد ناگزیر ہے: وزیراعلی کا عالمی یومِ تحفظِ صحت و سلامتی پر پیغام  
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے  پنجاب حکومت ہر ورکر کی صحت، بہبود اور حفاظت کیلئے پر عزم ہے۔عالمی یومِ تحفظِ صحت و سلامتی پر پیغام میںمریم نواز شریف نے   فیکٹریوں، کارخانوں اور دفاتر میں کام کرنے والے مزدوروں اور ملازمین کی جسمانی و ذہنی صحت کے تحفظ پر زور دیا۔وزیر اعلی نے لیبر ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کام کی جگہوں پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تمام صنعتی و کاروباری ادارے سیفٹی آلات اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ ورکرز کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو کام کی جگہ پر خطرات سے بچانے کے لیے حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد ناگزیر ہے، ایک صحت مند اور محفوظ کارکن ہی ایک مضبوط قوم کی تعمیر کر سکتا ہے۔وزیراعلی نے مزید بتایا کہ ملازمین کے تحفظ کے لیے لیبر قوانین میں ترامیم لائی جا رہی ہیں، جبکہ راشن کارڈ کے ذریعے 14 لاکھ مزدوروں کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ رواں مالی سال کے دوران مزید 50 ہزار فیکٹری ورکرز کو راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ورک فورس ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور ان کی صحت و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایک ایسا محفوظ ماحول فراہم کرے گی جہاں کارکن خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر محفوظ محسوس کریں