وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کم آمدنی گھرانوں کیلئے راشن کارڈ سکیم شروع

ابتدائی مرحلے میںہر ماہ تین ہزار روپے کے ڈیجیٹل راشن کارڈ مستحق گھرانوں میں تقسیم کئے جائیں گے
پنجاب حکومت کا فلاحی اقدام، ڈیڑھ لاکھ خاندان راشن کارڈ سکیم سے مستفید ہوں گے:ترجمان حکومت
لاہور (زیڈ این این) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے ’’راشن کارڈ سکیم‘‘ کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہری ڈیجیٹل سمارٹ کارڈ کے ذریعے ہر ماہ 3 ہزار روپے وصول کریں گے۔ یہ کارڈ بنیادی اشیائے خورونوش کی خریداری کے لیے مجاز گروسری اسٹورز پر استعمال کیا جا سکے گا۔ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق اس سکیم کے تحت ابتدائی مرحلے میں ڈیڑھ لاکھ مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ یہ سکیم صوبائی حکومت کے فلاحی وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے گھرانوں کو مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔راشن کارڈ کے لیے صرف پنجاب کے رہائشی درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دہندگان کا پی ایس ای آر سروے میں رجسٹر ہونا، درست شناختی کارڈ اور مربوط موبائل نمبر کا ہونا ضروری ہے۔ اہل افراد کی ماہانہ گھریلو آمدنی 50 ہزار روپے سے کم اور پی ایم ٹی سکور 35 سے کم ہونا چاہیے۔سرکاری ملازمین اور بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے افراد اس سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔ فی خاندان صرف ایک فرد درخواست دے سکے گا جبکہ اہل خاندان کے مرد یا عورت دونوں درخواست دہندگان ہو سکتے ہیں۔ نان ٹیکس فائلرز اور جائیداد نہ رکھنے والے بھی اس سکیم کے مستحق قرار پائیں گے۔شہری پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں جبکہ یونین کونسل آفس یا قریبی ’’ای خدمت مرکز‘‘ جا کر بھی رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے۔