12 لاکھ خاندانوں کو راشن کی فراہمی شروع، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں راشن کارڈ کی تقسیم کا مرحلہ جاری
لاہور (زیڈ این این) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبہ پنجاب میں محنت کش خاندانوں کو راشن کارڈ کی تقسیم کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ اقدام صوبے کے محنت کش طبقے کے لیے ریلیف کی ایک نئی تاریخ کی حیثیت رکھتا ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس لاہور میں منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران راشن کارڈ سکیم کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی، لیبر ڈیپارٹمنٹ، ورکرز ویلفیئر فنڈز، بینک آف پنجاب اور پی آئی ٹی بی کے نمائندگان بھی شریک تھے۔فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یہ دن پنجاب کی عوام کے لیے تاریخی ہے، آج ہم 12 لاکھ مستحق خاندانوں کو ہر ماہ کم از کم 3 ہزار روپے کا راشن دینے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ سکیم صرف رجسٹرڈ محنت کشوں کے لیے ہے اور کارڈ کی تقسیم ساہیوال، ملتان، لاہور، اور قصور سمیت دیگر اضلاع میں جولائی سے شروع ہو چکی ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ اگلے پانچ سے چھ ماہ میں تمام اضلاع میں کارڈز کی تقسیم مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم روزانہ مانیٹرنگ کریں گے کہ کتنے افراد رجسٹر ہو رہے ہیں اور کتنے میں کارڈز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔