گاڑی کی ٹکر،موٹر سائیکل سوار لڑکا جاں بحق

16 سالہ نعمان شدید چوٹیں لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا، ڈرائیور گاڑی سمیت فرار
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)پاکپتن میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے16 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق پاکپتن روڈ تھانہ صدر دیپالپور کے قریب نامعلوم تیزرفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 16 سالہ لڑکا نعمان ولد ناصر شدید چوٹیں آنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا ، حادثہ ہوتے ہی نامعلوم ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا،حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کرنا شروع کر دیں جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا،پولیس نامعلوم گاڑی کی تلاش کر رہی ہے۔