حکومت معیشت کے استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے بھرپور کو شاں ہے،تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیاٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات ختم کر دیئے
پاکستان میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی دوبارہ بڑھ رہی ہے،آئی ایم ایف کے تمام جائزے مقررہ وقت پر کامیابی سے مکمل کئے ہیں
لندن(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے حکومت معیشت کے استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ٹیکس کے معاملے میں کسی کے ساتھ خصوصی رعایت نہیں برتی جا رہی، تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔لندن میں پاکستان انویسٹمنٹ رائونڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، نجی شعبے کو زیادہ مواقع دینے کیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔حکومتی مالی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، حکومتی آمدن میں اضافہ اور مالی و ادارہ جاتی اصلاحات میں پیشرفت ہوئی، سرکاری اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے ٹیکس بیس وسیع کرنا اور قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے،ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات ختم کر دیئے گئے ہیں۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام جائزے مقررہ وقت پر کامیابی سے مکمل کیے ہیں جبکہ کریڈٹ ریٹنگ میں 3 مرتبہ بہتری آئی ہے۔