یورو بانڈکا اجراء پاکستان کو3ارب ڈالر مل گئے رقم قرضوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کی جائیگی:وزارت خزانہ
بیرونی فنانسنگ میں میچورٹیز بڑھانے اور رول اوور رسک کم کرنے کی حکمت عملی ہے، پاکستان سکوک، ڈالر سیٹلڈ بانڈز اور پانڈا بانڈز سے بیرونی فنانسنگ متنوع بنا رہا ہے :محمد اورنگزیب کا تقریب سے خطاب
پاکستان کی عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی میں اہم پیش رفت ‘ پہلی بار نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت بانڈ جاری کیا ہے، پاکستان کی حکمتِ عملی قرض کے بجائے خود مختار قرض مینجمنٹ پر مرکوز ہے:وزارت خزانہ
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان نے یورو بانڈ کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کرلئے ہیں،، یورو بانڈ کا اجرا عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیکس اصلاحات پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ 3 ارب ڈالر کا یوروبانڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بانڈ ٹرانزیکشن ہے ۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ اپریل 2025 سے پاکستان کی ریٹنگ میں 3 مرتبہ بہتری آئی، یوروبانڈ کیلئے آرڈر بک حجم سے دوگنا رہی، ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے، ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہیں، اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا، مشرق وسطی، یورپ اور امریکا کے سرمایہ کاروں نے یوروبانڈ میں دلچسپی ظاہر کی، عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد دوبارہ بحال ہوا ہے، عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد موجودہ صورتحال کے ساتھ پاکستان کے مستقبل پر بھی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پانچ پانچ سال اور 10 سالہ یوروبانڈز کیلئے بہتر قیمت حاصل ہوئی، 3 ارب ڈالر کا یوروبانڈ اجرا کوئی عارضی یا اچانک فیصلہ نہیں، یوروبانڈ 3 سالہ درمیانی مدت کی جی ایم ٹی این حکمت عملی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی فنانسنگ میں میچورٹیز بڑھانے اور رول اوور رسک کم کرنے کی حکمت عملی ہے، پاکستان سکوک، ڈالر سیٹلڈ بانڈز اور پانڈا بانڈز سے بیرونی فنانسنگ متنوع بنا رہا ہے۔دریں اثناء وزارتِ خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق 3 ارب ڈالرز کا بانڈ پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑا سنگل انٹرنیشنل بانڈ ہے، 3 ارب ڈالرز کے بانڈز کے مقابلے میں تقریبا دگنی طلب موصول ہوئی۔وزارتِ خزانہ نے پاکستان کی عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی اہم معاشی پیش رفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کی بیرونی فنانسنگ حاصل ہو گی۔اعلامیے کے مطابق حکومت عالمی مارکیٹ سے حاصل ہونے والی رقم کو بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے کے لئے استعمال کرے گی، یہ رقم قرضوں کی ادائیگی کے لئے استعمال کی جائے گی، پاکستان کی عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی میں اہم پیش رفت ہو گئی۔وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پہلی بار نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت بانڈ جاری کیا ہے، پاکستان کی حکمتِ عملی قرض کے بجائے خود مختار قرض مینجمنٹ پر مرکوز ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے طویل مدتی فنانسنگ سے ری فنانسنگ اور رول اوور رسک کم کرنے پر زور دیا ہے، ریکارڈ یورو بانڈ سے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی مضبوط ہو گئی۔