خیبرپختونخوا میں قیام امن اولین ترجیح ‘ وفاقی حکومت ہر طرح سے تعاون کیلئے تیار ہے:وز یر داخلہ کی گورنر کے پی کے سے گفتگو
صوبے میں امن کیلئے وفاقی تعاون ناگزیر ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے:فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے خارجیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا خیبرپختونخوا میں قیام امن اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت اس ضمن میں ہر طرح سے سپورٹ کیلئے تیار ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور سہولت کاروں کا خاتمہ مشترکہ اقدامات سے کیا جا رہا ہے، خوارجیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے وفاقی تعاون ناگزیر ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔