موٹرسائیکل کی قیمت سے زیادہ جرمانے والی 129 موٹرسائیکلیں پکڑی ہیں، زیادہ جرمانوں کے باعث جلد نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا
لاہور( کرائم رپورٹر)ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں نیلام کر دی جائیں گی۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل کی قیمت سے زیادہ جرمانے والی 129 موٹرسائیکلیں پکڑی گئی ہیں جن کی مالیت سے زیادہ جرمانوں کے باعث جلد نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ان موٹرسائیکل مالکان پر کم از کم ایک لاکھ اور زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ 74 ہزار روپے تک کے جرمانے واجب الادا ہیں۔ اس سلسلے میں سیف سٹیز کو باضابطہ مراسلہ لکھا گیا ہے تاکہ جلد نیلامی کا عمل مکمل کیا جا سکے۔سی ٹی او کے مطابق اگر کسی شہری کو ای چالان پر اعتراض ہے تو وہ ٹریفک پولیس سے رابطہ کر سکتا ہے۔ پورا نظام جلد مینول چالاننگ سے ای چالاننگ پر منتقل ہو رہا ہے۔ وارڈن ایپ کی اپ گریڈیشن کے بعد وصولیوں میں 10 گنا اضافہ ہوا ہے۔نیلامی کے لیے پکڑی گئی موٹرسائیکلوں کے مالکان کو بذریعہ فون آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔