وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرلیا ہے جس کے بعد وہ لندن کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔
ریاض ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنر محمد بن عبدالرحمان نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ، تجارتی تعاون اور توانائی سمیت مختلف شعبوں پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم لندن میں قیام کے دوران برطانیہ کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ بعد ازاں وہ امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے جس میں وہ مسئلہ کشمیر، فلسطین کی صورتحال، خطے میں امن و سلامتی، اور پاکستان کو درپیش معاشی و ماحولیاتی چیلنجز پر عالمی برادری کی توجہ دلائیں گے۔