ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، اور مسلم اُمہ کی فلاح و بہبود پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے میں سعودی عرب کے کردار پر بھی اظہار تشکر کریں گے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ اس دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے متعدد معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا امکان بھی ہے۔یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور خطے میں امن، ترقی اور تعاون کے فروغ کے لیے مثبت پیش رفت کا باعث بنے گا۔