وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کے دو روزہ دورے کے لیے روانہ ہونا

وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کے دو روزہ دورے کے لیے روانہ ہونا

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر دو روزہ دورے کے لیے اسلام آباد سے جدہ روانہ ہوگئے ہیں۔

یہ دورہ 5 اور 6 جون کو ہوگا، جس دوران وزیراعظم سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ بھی منائیں گے۔دورے کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں دونوں رہنماؤں کے مابین پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور علاقائی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف اس موقع پر سعودی قیادت کا پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کرنے پر شکریہ بھی ادا کریں گے۔اس دورے میں وزیرِاعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح وفد بھی موجود ہے جو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات کرے گا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور مستحکم شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔