راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ملک میں قائم حکومت عوامی مینڈیٹ سے نہیں بلکہ فارم 47 سے بنی ہے اور طاقتور حلقوں کو چاہیے کہ وہ اس بوجھ کو مزید نہ اٹھائیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ملک کے 90 فیصد عوام موجودہ حکومت سے نفرت کرتے ہیں، اس وجہ سے عمران خان کے چاہنے والے بھی ان سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف خود بہت بڑا بوجھ ہیں اور ملک مزید ایسے بوجھ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔پی ٹی آئی رہنما نے بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ سات ماہ سے ان پر ملاقات پر پابندی ہے۔ "آخری ملاقات دو اپریل کو ہوئی تھی، لیکن جب انصاف کا بول بالا ہوگا اور قانون کی حکمرانی ہوگی تو ملاقات ضرور ہوگی۔"اعظم سواتی نے مزید کہا کہ علیمہ خان کو ضمانت ملنا خوش آئند ہے۔ عدالت میں میانوالی سمیت ملک کے دور دراز علاقوں سے لوگ پیش ہو رہے ہیں جن کا کوئی جرم نہیں، صرف یہ قصور ہے کہ وہ اپنی آزادی کے لیے نکلے۔