گورننس فورم قومی ترقی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا: شہباز شریف

گورننس فورم قومی ترقی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا: شہباز شریف

اسلام آباد: شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مؤثر اور بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جون 2023 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، تاہم حکومت نے بروقت اقدامات کر کے معیشت کو سنبھالا اور کرپشن زدہ اداروں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام کو احسن اقبال بہترین انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔وزیراعظم نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کا منبع بن چکا تھا جسے رمضان میں ختم کیا گیا، اس ادارے کے ذریعے اربوں روپے کی بے ضابطگیاں ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 200 ارب روپے کی بجلی چوری پر قابو پایا گیا اور بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی۔ پی ڈبلیو ڈی کو بھی ختم کیا گیا، حالانکہ اس کے خلاف بے شمار سفارشیں آئیں، مگر اصلاحات کا عمل جاری رکھا گیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج مجموعی اقتصادی صورتحال پہلے سے بہتر ہے اور شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بالواسطہ ٹیکسز میں چوری کو روکا جائے گا اور آئندہ بجٹ میں براہ راست ٹیکسوں میں کمی پر توجہ دی جائے گی تاکہ معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔