ڈرامے کے گانے پر تنازع، احمد جہانزیب نے جویریہ سعود کے دعوے کی وضاحت کردی

ڈرامے کے گانے پر تنازع، احمد جہانزیب نے جویریہ سعود کے دعوے کی وضاحت کردی

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکار احمد جہانزیب کو حالیہ ایوارڈ شو میں بہترین او ایس ٹی کا اعزاز امریکا میں منعقدہ تقریب میں حاصل ہوا، جس کے بعد انہوں نے اپنے خیالات اور تجربات کا اظہار ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کیا۔

 احمد جہانزیب نے بتایا کہ یہ او ایس ٹی انہوں نے خود لکھا ہے اور اس کی کامیابی میں انہیں 25 سال کا عرصہ لگا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 'عشق مرشد' کا او ایس ٹی پہلے سے تیار شدہ نہیں تھا، بلکہ انہوں نے ہدایت کار فاروق رند کو تجویز دی تھی کہ بلال عباس اور درفشاں کی پہلی ملاقات کے منظر کے دوران ایک نیا پس منظر گانا ہونا چاہئے۔ اس لیے انہوں نے راتوں رات یہ گانا لکھا، جو کہ عوام میں بہت مقبول ہوا۔ احمد جہانزیب نے کہا کہ وہ اس گانے کو لے کر کچھ تنازعے کا بھی شکار ہوئے ہیں، مگر فی الحال اس پر بات نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے اپنی محنت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس گانے پر تنہا کام کیا، مگر اس کی اصل کامیابی عوام کی طرف سے ملی، جنہوں نے اسے بہت پسند کیا اور اس نے تمام ریکارڈز توڑ دیے۔ احمد جہانزیب نے اس کامیابی کا سہرا عوام کو دیا اور کہا کہ وہ ان کے مقروض ہیں۔اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس سے قبل اداکارہ جویریہ سعود نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سُپر ہٹ ڈراموں کے او ایس ٹی لکھے ہیں، جن میں 'عشق مرشد' کا او ایس ٹی بھی شامل ہے، مگر کسی نے انہیں کریڈٹ نہیں دیا۔ اس تناظر میں، احمد جہانزیب کا یہ بیان اہمیت کا حامل ہے کہ انہوں نے اپنی محنت اور اس کی کامیابی کا اعتراف کیا ہے۔