ملک یونٹ پر چھاپہ ، 800 لٹر زہریلا دودھ تلف

ملزم گرفتار ،دودھ کی گاڑی اور دودھ بنانے والا سامان قبضے میں لے لیاگیا
قصور (خصوصی رپورٹ) فوڈ سیفٹی ٹیم نے مصطفی آباد کے علاقے میں واقع فیضان ملک یونٹ پر چھاپہ مارا۔ دورانِ چیکنگ کیمیکل ملا کر جعلی دودھ تیار کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔ٹیم نے موقع پر 800 لٹر زہریلا دودھ تلف کر دیا، جبکہ دودھ کی گاڑی اور دودھ بنانے والا سامان قبضے میں لے کر مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پانی میں پا ئوڈر، کیمیکلز اور گھی ملا کر دودھ جیسا سفید گاڑھا محلول تیار کیا جاتا تھا، جو لاہور میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز باقر رسول نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور شہری شکایات فیس بک ایپلی کیشن یا ٹال فری نمبر 1223 پر درج کروا سکتے ہیں۔