جعلی دودھ بنانیوالا گروہ بے نقاب ،800 لٹر تلف

 4 بیگ دودھ پائوڈر، 10 گھی ٹین، چلر، مشین، ہیٹر، پلاسٹک ڈرم برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غذائی دہشتگردی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نواحی علاقے چک 46 میں جعلی دودھ تیار کرنے والا گروہ بے نقاب کر دیا اور 800 لٹر جعلی دودھ تلف کر دیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ایک حویلی میں قائم جعلی دودھ بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی، جہاں ملزمان شکیل احمد اور جمیل احمد چھپ کر ہزاروں لٹر جعلی دودھ تیار کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران 4 بیگ دودھ پائوڈر، 10 گھی ٹین، چلر، مشین، ہیٹر، پلاسٹک ڈرم، پلنجر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق موقع سے حاصل کیے گئے دودھ کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ میں ناقص قرار پائے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ جعلی دودھ پائوڈر، پانی، ویجیٹیبل آئل اور مختلف کیمیکلز ملا کر تیار کیا جا رہا تھا جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہیں۔حکام کے مطابق جعلسازی کے اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے جبکہ ضبط شدہ سامان بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔