شرپسندوں کو امن خراب نہیں کرنے دیں گے:فیصل کامران

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہری بلاخوف و خطر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں، پولیس کسی صورت بھی شرپسندوں کو شہر کا سکون برباد نہیں کرنے دے گی۔ ترجمان پولیس کے مطابق شہر بھر کی اہم شاہراؤں اور مارکیٹوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود فیلڈ میں موجود ہیں اور انہوں نے شاہدرہ، داتا دربار، محمود بوٹی، مال روڈ اور جیل روڈ سمیت مختلف مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ تمام ڈویژنل ایس پی، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں تعینات ہیں۔ فیصل کامران نے ڈیوٹی پر موجود افسران و جوانوں کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی سکیورٹی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ انہوں نے قانون ہاتھ میں لینے والوں اور احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت دی۔