رمضان المبارک میں امن وامان کا قیام اولین ترجیح: فیصل کامران

شہری مساجد میں انٹری پر چیکنگ میں تعاون کریں:ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ نمازیوں کی حفاظت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔پولیس جوانوں کے ساتھ پندرہ ہزار تربیت یافتہ شہری رضا کار بھی ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ شہری مساجد میں انٹری پر چیکنگ میں تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سحری اور نماز فجرکے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے سرپرائز چیکنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے مصطفی آباد، مال روڈ اور کینٹ میں مساجدکے حفاظتی انتظامات چیک کئے۔ فیصل کامران نے کہا کہ مساجد کو کیٹیگری اے پلس،اے، بی اور سی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ رمضان المبارک میں شہر بھر کی 5059 مساجد کے سپیشل سیکورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈویڑنل ایس پیز، سرکل افسران،ایس ایچ اوز فیلڈ میں خود سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں۔ سحر وافطار اوقات میں سیکورٹی کے اضافی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔