کسی شہری کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے: فیصل کامران

خواتین کے وقار، تحفظ اور انصاف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:ڈی آئی جی آپریشنز 
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ کسی شہری کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔خواتین کے وقار، تحفظ اور انصاف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ شواہد کی روشنی میں ہر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے وراثتی،تشدد،ہراسگی،لڑائی جھگڑے،لین دین ودیگر معاملات سے متعلق متعدد درخواستیں موصول ہوئیں۔ شہری نے مبینہ طور پر زہریلی شے پلانے سے بھائی کی ہلاکت کی شکایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او رائیونڈ سٹی سے ویڈیو لنک پر فوری رابطہ کیا۔ ایس ایچ اونے بتایا کہ ڈاکٹری ملاحظہ رپورٹ مقدمہ درج کرنے کے لیے ناکافی، فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔ فیصل کامران نے فرانزک رپورٹ موصول ہوتے ہی قانون کے مطابق فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے سائل کو قانون کے مطابق مکمل انصاف کی یقین دہانی کروائی۔ اسی طرح والدہ کے زیورات پر مبینہ قبضے کی شکایت پر ایس ایچ او شاہدرہ کو ریکارڈ کی جانچ اور قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ماموں زاد کی جانب سے تشدد کی شکایت پر ایس ایچ او شاہدرہ، چچا کے مبینہ تشدد کی شکایت پر ایس ایچ او مغلپورہ کوجبکہ لڑائی جھگڑے کی درخواست پر ایس ایچ او سبزہ زار فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ چیک بک چوری، لین دین اور جھوٹے مقدمات کی شکایات پر ڈی ایس پی کاہنہ کو انکوائریوں کے احکامات جاری کئے گئے۔ اسی طرح ہراسگی کی شکایت پر ایس ایچ او شفیق آباد کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنزکھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو بروقت انصاف اور فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ تمام ایس ایچ اوز سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ فیصل کامران نے مزید کہا کہ خواتین کے خلاف ہراسگی، تشدد اور استحصال ہرگز برداشت نہیں۔ خواتین سے متعلق ہر شکایت پر فوری، غیر جانبدار اور قانونی کارروائی لاہور پولیس کی پالیسی ہے۔