پولیس افسران اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں: فیصل کامران

 شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں:ڈی آئی جی
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیر صدارت سٹی ڈویڑن میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سٹی، سرکل افسران اور مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں عیدالفطر کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، مارکیٹوں، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات کی حفاظت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت دی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تھانہ شفیق آباد اور بادامی باغ کے ایس ایچ اوز کو شاباش دیتے ہوئے انہیں CC-II سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا، جبکہ شاہدرہ، شاہدرہ ٹاؤن اور اکبری گیٹ کے ایس ایچ اوز کے لیے بھی تعریفی اسناد دینے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر شادباغ کے ایس ایچ او کو جرائم پر قابو پانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔فیصل کامران نے زور دیا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے اور پولیس افسران اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں، کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ انہوں نے شہر کو ناجائز اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے بھرپور کارروائیاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ جھوٹی ایف آئی آرز اور تخفیف جرم کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عید کے ایام میں لاک اپس پر خصوصی ڈیوٹیاں لگانے اور قبرستانوں میں آنے والے شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران کو اپنی اور اپنے جوانوں کی حفاظت یقینی بنانے اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی بھی تاکید کی۔