عوام نے ٹی ایل پی اور تحریک انصاف کی احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا عطاء اللہ تارڑ

افغانستان بارے اجلاس میں شرکت نہ کر کے سہیل آفریدی نے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی‘ خیبرپختونخوا کے امن و امان سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ کی موجودگی ضروری تھی‘ان کی نمائندگی مزل اسلم نے کی
معرکہ حق کے بعد پاکستانیوں کو بہت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، حکومتی اقدامات سے سبز پاسپورٹ کے وقار میں اضافہ ہوا ‘بلا مقصد احتجاج کی کالوں کا نتیجہ یہی نکلتا ہے، ملک بھر میں کاروبار زندگی رواں دواں رہا:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء￿  اللہ تارڑ نے کہا  وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں افغان پناہ گزینوں اور ان کی واپسی کے حوالے سے اہم اجلاس میں شرکت نہ کر کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی۔اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں اور صوبوں کی نمائندگی موجود تھی، وزرائے اعلیٰ میں سے صرف سہیل آفریدی اجلاس میں موجود نہیں تھے، ان کی نمائندگی مزمل اسلم نے کی۔  صوبے کے امن و امان سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ کی موجودگی ضروری تھی، اجلاس میں افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔انہوں نے کہا  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اجلاس میں بیٹھ کر بات چیت کرنے پر یقین نہیں رکھتے، غزہ اور فلسطین کے معاملے پر پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے غزہ، فلسطینیوں کے لئے ہر موقع پر آواز اٹھائی ہے، اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی کامیابی سے جا رہی ہے۔ معرکہ حق کے بعد پاکستانیوں کو بہت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، حکومتی اقدامات سے سبز پاسپورٹ کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ٹی ایل پی اور تحریک انصاف کی احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا ہے، بے مقصد احتجاج کی کالوں کا نتیجہ یہی نکلتا ہے، ملک بھر میں کاروبار زندگی رواں دواں ہے۔