اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے پارٹی میں اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف مکمل طور پر متحد ہے اور پارٹی کے اندر کسی قسم کا انتشار نہیں ہے۔
اس موقع پر سلمان اکرم راجا کے ہمراہ بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ بھی موجود تھے۔ سلمان اکرم راجا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع پر کچھ گزارشات کرنا چاہتے ہیں اور واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پارٹی میں مکمل اتفاق اور نظم و ضبط قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف متحد ہے اور پارٹی کے اندر اختلافات یا انتشار کی باتیں درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی پارٹی کے اندر انتشار پیدا کرنے کی خواہش رکھتا ہے، وہ اپنی کوشش میں ناکام ہوگا۔سلمان اکرم راجا کے اس بیان پر سردار لطیف کھوسہ نے مسکراتے ہوئے ردعمل دیا اور انہیں اپنا برخوردار قرار دیا۔