سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کی اٹارنی جنرل سے ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئیں

سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کی اٹارنی جنرل سے ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئیں

پی ٹی آئی رہنماؤں سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کی اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سے ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات اٹارنی جنرل آفس میں ہوئی جہاں دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی تواضع کافی سے کی گئی۔ ملاقات کے دوران سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی کی طبی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی دینے کی باضابطہ درخواست کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق درست اور مکمل معلومات سامنے آنا نہایت ضروری ہیں، اور ان کے ذاتی معالجین کو بھی طبی رپورٹس تک رسائی دی جانی چاہیے۔اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی کے حوالے سے پیغام متعلقہ حکام اور وفاقی حکومت تک پہنچا دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اس بات پر غور کر رہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی ڈاکٹروں کو میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں یا نہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی قیادت چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچی تھی، تاہم چیف جسٹس سے ملاقات نہ ہو سکی اور رجسٹرار سپریم کورٹ کے ذریعے اٹارنی جنرل سے ملاقات کروائی گئی۔ پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور قانونی معاملات پر شفافیت نہایت اہم ہے اور اس حوالے سے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔