پی ٹی آئی کا ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان: سلمان اکرم راجا

پی ٹی آئی کا ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان: سلمان اکرم راجا

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی ملک گیر تحریک شروع کرے گی اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوریت کے لیے تاریخی جدوجہد کر رہی ہے اور وہ پارٹی کے کچھ اکابرین سے ملاقات کے لیے پشاور آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ قریب ہے، لیکن پارٹی کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ وہ آئین کی بالادستی کے لیے آواز بلند کریں گے اور قوم کو متحد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کریں گے، جبکہ کل کراچی جا کر سندھ کی مختلف سیاسی جماعتوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی رمضان میں بھی اپنی تحریک جاری رکھے گی اور رمضان کے بعد بھی احتجاج اور دیگر آپشنز موجود ہوں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر اچھا کام کر رہے ہیں، جبکہ عاطف خان اور ارباب شیر علی سے بھی ان کی ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی سمیت تمام اسیران کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور علی امین گنڈاپور صوبے کے وزیر اعلیٰ ہیں۔سلمان اکرم راجا نے علی امین گنڈاپور کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پارٹی مزید متحرک ہوئی ہے۔ انہوں نے صوابی جلسے میں کم تعداد کے حوالے سے کہا کہ جنید اکبر اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور پارٹی اس میں بہتری کی کوشش کرے گی۔