اسلام آباد: سردیوں کے موسم میں گیس کی ممکنہ قلت پر قابو پانے کے لیے حکومت نے ایل این جی کے دو کارگوز کی خریداری کے سلسلے میں بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی جانب سے عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کرنے کے لیے جاری ٹینڈر میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اس سے قبل عالمی کمپنیوں کو 18 نومبر تک اپنی بولیاں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم اب سپلائرز 30 نومبر تک بڈز جمع کرا سکیں گے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ٹینڈر کے تحت موصول ہونے والی تمام بولیاں 30 نومبر کو ہی کھولی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ایل این جی کے پہلے کارگو کی ڈیلیوری کے شیڈول میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے۔نئے شیڈول کے مطابق پہلے ایل این جی کارگو کی ڈیلیوری 25 سے 26 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل اس کارگو کی ترسیل کے لیے 14 سے 16 دسمبر 2026 کی تاریخیں طے کی گئی تھیں۔
دوسرے ایل این جی کارگو کی ڈیلیوری کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس کی ترسیل 9 سے 11 جنوری 2027 کے درمیان برقرار رکھی گئی ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے 12 نومبر کو سردیوں میں گیس کی ضروریات پوری کرنے اور قلت پر قابو پانے کے لیے ایل این جی کے دو کارگوز کی خریداری کا ٹینڈر جاری کیا تھا، جو پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی جانب سے عالمی سپلائرز کے لیے جاری کیا گیا تھا۔